اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بااختیار اور برسر روزگار بنانے کیلئے وزیر اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کے ذریعے گزشتہ 8 ماہ کے دوران 31 ہزار 700 کاروباری نوجوانوں میں تقریباً 209 ارب روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔مختلف 15 بینکوں کے ذریعے نوجوانوں کو قرضہ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
’’اےپی پی‘‘ کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے نوجوانوں کے لئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت وزیر اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کے ذریعے کامیاب کاروباری بننے کی راہ پر گامزن ہونے کا بہترین موقع ہے، یہ اقدام دلچسپی رکھنے والے کاروباری افراد کو بلا سود مائیکرو فنانس قرضوں اور انتہائی کم شرح سود کے ساتھ قرضوں کے ذریعے اپنے سٹارٹ اپ اور کاروبار کو شروع کرنے یا بڑھانے کا ایک بھرپور موقع فراہم کرتا ہے۔نوجوانوں کو بااختیار اور برسر روزگار بنانے کیلئے وزیر اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کے تحت 27 اگست سے مارچ 2025 تک 31 ہزار 700 کاروباری نوجوانوں میں تقریباً 209 ارب روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔
اس پروگرام کے تحت ٹیئر ون کے تحت نوجوانوں کو 5 لاکھ روپے بلاسود قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ ٹیئر 2 کے تحت 5 لاکھ روپے سے 15 لاکھ روپے پر 5 فیصد شرح سود اور ٹیئر 3 کے تحت نوجوانوں کو 15 لاکھ روپے سے 75 لاکھ روپے تک کا قرضہ 7 فیصد شرح سود پر فراہم کیا جا رہا ہے۔مختلف 15 بینکوں کے ذریعے نوجوانوں کو قرضہ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ا س پروگرام کامقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ اس پروگرام کے تحت قرضہ حاصل کرنے والے نوجوان نہ صرف اپنے لئے روزگار حاصل کرتے ہیں بلکہ اپنے خاندان کا پیٹ بھی پالتے ہیں اور دیگر لوگوں کو بھی روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔نوجوان اس پروگرام سے استفادہ کیلئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواستیں دے سکتے ہیں۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ نوجوانوں کو میرٹ اور شفافیت کے ذریعے بلاتفریق مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=568184