اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وزیر اعظم یوتھ پروگرام آج (جمعہ) سے کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز کا آغاز کر رہا ہے جو ملک بھر میں نوجوان کرکٹ کے ٹیلنٹ کی شناخت کے لیے اہم قدم ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ڈائریکٹر سپورٹس جاوید علی میمن کے مطابق پہلے مرحلے میں تین روزہ ٹرائلز کوئٹہ میں بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے کرکٹ گرائونڈ میں ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے قابل ذکر موقع فراہم کرنا ہے، ایچ ای سی، پی ایم وائی پی اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چیمپئن، لاہور قلندرز کی مشترکہ کوششوں سے ٹرائلز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرائلز میں بلوچستان کے مختلف اضلاع سے خواہشمند کھلاڑی شرکت کریں گے۔
ایک پیغام میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے پی ایم وائی پی کے تمام شعبوں بشمول آئی ٹی، کھیل، ایرو سپیس اور زراعت میں نوجوانوں کے لیے اہم مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان کے نوجوان کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے روشن مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے بھی اس امید کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے باصلاحیت نوجوان اپنی صلاحیتوں کے ساتھ سر اٹھا کر قوم کا سر فخر سے بلند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی اور پاکستانی یونیورسٹیاں کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔
یہ ٹرائلز بلوچستان میں کھیلوں کی ترقی میں ایک اہم پیش رفت کی نمائندگی کرتے ہیں اور ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے مواقع، خواہشات اور کامیابی کے نئے راستے کھولیں گے۔