کوئٹہ۔ 22 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پشین کے تن ساز جوان سید بلال غرشین کو ایشن چمپئن شپ میں تن سازی کے مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شاہ زیب رند اور سید بلال غرشین جیسے بلوچستان کے نوجوانوں نے عالمی مقابلوں میں اپنی محنت اور صلاحیتوں کا لوہا منوا کر ثابت کیا ہے کہ بلوچستان کے جوانوں میں عالمی سطح کا ٹیلنٹ پایا جاتا ہے جس کو روشناس کرانے کے لئے مناسب مواقعوں کی ضرورت ہے،
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں صحت مندانہ سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جاررہے ہیں جس کے تحت پورے سال کی اسپورٹس سرگرمیوں کا کلینڈر مرتب کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تن ساز جوان سید بلال غرشین کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ کھیل و ثقافت اینڈ یوتھ افئیرز کو ہدایت کی کہ پشین سے تعلق رکھنے والے اس عالمی کھلاڑی کا پرتپاک استقبال کیا جائے اور اس کی حوصلہ افزائی کے لئے ہر ممکن معاونت کی جائے۔