کوئٹہ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پیر کو یہاں مختلف پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے اساتذہ نے ملاقات کی اور اپنے مسائل بارے آگاہ کیا ۔ ملاقات میں صوبائی وزرا میر صادق عمرانی، راحیلہ حمید خان درانی، میر شعیب نوشیروانی اور رکن بلوچستان اسمبلی خیر جان بلوچ بھی موجود تھے۔ استاتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلٰی نے کہا کہ پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کو درپیش مالی مسائل کا پائیدار اور مستقل حل تلاش کیا جائے گا، تدریسی سٹاف اور ملازمین کو درپیش مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے ، صوبائی حکومت نہیں چاہتی کہ اساتذہ سمیت کسی بھی ملازم کو تنخواہوں کے لئے پریشانی کا سامنا کرنا پڑے ، اساتذہ معاشرے کا قابل احترام طبقہ ہے ، صوبے کی جامعات کو درپیش چیلنجز اور مسائل کا مستقل حل تلاش کررہے ہیں ،اس ضمن میں رواں ہفتے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں نتیجہ خیز اقدام اٹھائے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ہر یونیورسٹی کی کارکردگی اور درپیش مشکلات کا الگ الگ جائزہ لیا جائے گا اور تمام پہلوؤں سے بہتری کی تجاویز اور مشکلات کو حل کرنے کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ غیر معمولی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعات غیر ضروری بھرتیوں اور تعمیراتی پروجیکٹس سے اجتناب کریں اور مالی امور میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے خود انحصاری کے منصوبوں پر کام کیا جائے ،پوری دنیا میں جامعات مالی طور پر خود کفالت کے منصوبوں پر گامزن ہیں ،بلوچستان کی جامعات کو بھی دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ماڈیول اپنانے ہوں گے تاکہ جدید تعلیمی استعداد کار کے ساتھ ساتھ جامعات مالی مشکلات سے دوچار نہ ہوں۔