کوئٹہ۔ 31 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید الفطر کی نماز کوئٹہ میں ادا کی ان کے ہمراہ صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، اعلیٰ حکام اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ نمازِ عید کے موقع پر ملکی ترقی، استحکام اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
نمازِ عید کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تمام اہلِ اسلام کو عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی اور انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج، ایف سی، پولیس اور لیویز کے جوانوں کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان محافظوں کی بدولت عوام عید کی خوشیاں امن و اطمینان کے ساتھ منا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر مستحقین کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں اور ایثار و بھائی چارے کے جذبے کو فروغ دیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577531