کوئٹہ۔ 07 جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت "ری چارج پاکستان ” منصو بہ سے متعلق جائزہ اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا جس میں ویڈیو لنک کے ذریعہ وفاقی و صوبائی حکام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں "ری چارج پاکستان "منصوبہ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،
وزارت موسمیاتی تبدیلی، وفاقی فلڈ کمیشن، اور ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے اشتراک سے تیار کئے گئے اس سات سالہ منصوبے کے تحت بلوچستان میں کلائمیٹ فنڈ کے تحت چاکر لہری واٹرشیڈ سیلابی تحفظ کے 19 سبز انفراسٹرکچر کے تجویز کردہ اقدامات پر عمل درآمد، سیلاب سے بچاؤ ، چھوٹی اور بڑی آبی گزر گاہوں کے مقامات پر اضافی سیلابی پانی کو ذخیرہ کرکے اسے کارگر بنانے اور زمین کے پانی کو دوبارہ چارج کرنے کے لیے چارج بیسنز بنائے جائیں گے اس منصوبے کا مقصدموسمیاتی تبدیلی کے مطابق بلوچستان میں بہتر واٹر مینجمنٹ ہے ،
وزیر ا علیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ بلوچستان میں سیلابی تحفظ اور پانی کے ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں بہتری لائے گا اور زرعی شعبے میں ترقی کے ذریعہ صو بہ کے عوام کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی کا حامل ثابت ہوگا ،وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ اداروں کو اس منصو بہ کی کامیاب تکمیل کے لیے مربوط اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعہ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔