وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی عوامی وفود اور انفرادی درخواست گزاروں سے ملاقات

26
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی عوامی وفود اور انفرادی درخواست گزاروں سے ملاقات

کوئٹہ۔ 04 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعہ کے روز چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں عوامی وفود اور انفرادی درخواست گزاروں سے ملاقات کی ان کے مسائل سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ان مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔

وزیر اعلیٰ کے اس اقدام کا مقصد حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا، عوامی مشکلات کا براہ راست ادراک حاصل کرنا اور ان کے ازالے کے لیے بروقت اقدامات کو یقینی بنانا ہے مختلف علاقوں سے آنے والے شہریوں نے اپنے مسائل، تجاویز اور شکایات وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھیں جن میں صحت، تعلیم، پینے کے پانی، سڑکوں، روزگار اور بلدیاتی خدمات سے متعلق معاملات شامل تھے

وزیر اعلیٰ نے ہر شہری کی بات بغور سنی اور موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز، ڈائریکٹرز اور دیگر افسران کو ہدایات دیں کہ سروس ڈلیوری کے نظام کو بہتر بنا کر عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس حوالے سے رپورٹ براہ راست وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کو بھیجی جائے

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت کا نصب العین عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا فوری اور منصفانہ حل ہے بلوچستان کے شہریوں کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو متنبہ کیا کہ عوامی شکایات پر سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر کسی نے دانستہ کوتاہی کی تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔