کوئٹہ۔ 22 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وڈھ کے علاقے آڑینجی اواک میں دہشتگردوں کے حملے میں سابق وزیر مملکت اور نگران وزیر اعلیٰ میر محمد نصیر مینگل کے فرزند میر عطاء الرحمن مینگل کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ میر عطاء الرحمن مینگل کی شہادت نہایت افسوسناک سانحہ ہے جو دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرے گی اور واقعے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا ،وزیر اعلیٰ نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ،
انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے میر عطاء الرحمن مینگل کے فرزند میر مطیع الرحمن مینگل کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی ،وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ یکجہتی اور حوصلے کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس ناسور کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔