کوئٹہ۔ 08 فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار میں خاتون کے اغواء کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے ہیں جس کے نتیجے میں پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ۔
ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ظالم انجام کو پہنچے گا، وہ اس سانحے کی تفتیش کی خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی مجرم کو رعایت نہ ملے اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں، اس سلسلے میں انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوائی جائے ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس واقعے کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت ہر صورت مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی ظالم کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کو نشانِ عبرت بنایا جائے گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔