وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت بلوچستان یوتھ پالیسی 2024 کا جائزہ اجلاس

175
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت بلوچستان یوتھ پالیسی 2024 کا جائزہ اجلاس

کوئٹہ۔ 16 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان یوتھ پالیسی 2024 کا جائزہ اجلاس جمعرات کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسیپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر عمران زرکون، سپیشل سیکرٹری اسفندیار بلوچ، سیکرٹری یوتھ افئیرز جاوید انور شاہوانی ، کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن بلوچستان کی چیئرپرسن فوزیہ شاہین اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری یوتھ افئیرز جاوید انور شاہوانی اور پالیسی کنسلٹنٹ کی جانب سے بریفننگ دی گئی۔بلوچستان میں یوتھ فیسلی ٹیشن سنٹرز فعال کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ابتدائی فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی ضروری ہے، اس لئے بلوچستان یوتھ پالیسی صوبے کے نوجوانوں کی ضروریات کے مطابق تشکیل دی جائے اور پالیسی میں صنفی مساوات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے مواقع کی فراہمی پالیسی کا حصہ ہونی چاہیئے ۔

وزیرِ اعلیٰ نے یوتھ پالیسی میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ بلوچستان یوتھ پالیسی صوبے کے جوانوں کی موثر نمائندگی کی آئینہ دار ثابت ہوگی ۔ انہوں نے یوتھ پالیسی سے متعلق تجاویز اور خصوصی دلچسپی پر رکن قومی اسمبلی سابق صوبائی وزیر یوتھ افئیرز نوابزادہ جمال خان رئیسانی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی مشاورت سے جامع سفارشات پر مبنی ڈرافٹ10روز میں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔