کوئٹہ۔ 22 اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان صوبائی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہوا ، اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات مرحوم سردار سرفراز چاکر ڈومکی کی خدمات کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی ، صوبائی کابینہ نے اقلیتی رکن پیٹرک سینٹ مسیح کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کی پارلیمانی و سماجی خدمات کو سراہا ،
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے جس میں ماحولیاتی آلودگی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے جنگلات سے متعلق قوانین اور ضروری ضابطہ کار کی منظوری دی گئی ،کابینہ نے پروانشنل موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کی بھی منظوری دی جبکہ صوبے میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمہ کیلئے وزیر اعظم پروگرام کو جاری رکھنے کے لئے صوبائی شراکت داری کے لئے مطلوب فنڈز کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی ،
صحت عامہ کے اس اشتراکی پروگرام سے بلوچستان میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمہ کیلئے جاری اقدامات کو موثر بنایا جاسکے گا، بلوچستان کابینہ نے کوئٹہ میں امراض اطفال اور امراض قلب کے جدید ترین اداروں کے قیام، بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف چلڈرن ہیلتھ اور شیخ خلیفہ بن زید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے صوبائی وزیر صحت کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی ،مقامی سطح کے تنازعات کے حل کیلئے بلوچستان ہائی کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں بلوچستان آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن ترمیمی بل 2024 کی بھی منظوری دی ہے
بلوچستان کابینہ نے صوبے کی پہلی ڈیجیٹل سوشل میڈیا پالیسی کی منظوری بھی دی اس پالیسی میں سوشل میڈیا سے متعلق جامع فریم ورک تیار کیا جائے گا اور سوشل میڈیا کے مثبت پہلوؤں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی بلوچستان کابینہ نے رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن کو فعال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر قیادت صو بہ میں عوامی مسائل کے حل اور گڈ گورننس کے کے لئے نیک نیتی اور بھرپور محنت سے کام کیا جائے گا،
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ا علیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مفاد عامہ سے متعلق روز اول سے اپنی جن ترجیحات کا تعین کیا تھا اس پر گامزن ہیں ، دہائیوں کے مسائل مہینوں میں حل کرنا ممکن نہیں تاہم یہ بات باعث اطمینان ہے کہ ہماری سمت درست ہے ، انہوں نے تمام کابینہ اراکین کو اپنے اپنے حلقوں اور اندرون بلوچستان کا دورہ کرکے عوامی مسائل حل کرنے کے لئے متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ۔