وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا ٹراما سینٹر سول ہسپتال کا دورہ

104

کوئٹہ۔ 10 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اتوار کو ٹراما سینٹر سول ہسپتال کا دورہ کیا اور کوئٹہ ریلوے اسٹیشن بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے مریضوں کے لئے خون کا عطیہ بھی کیا۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے مریضوں کی طبی رپورٹس کا معائنہ کیا اور علاج معالجے سے متعلق ضروری ہدایات دیں ۔اس موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر ٹراما سینٹر ڈاکٹر کامران خان کاسی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نور اللہ موسیٰ خیل نے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات سے متعلق آگاہی دی ۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بم دھماکے کے بعد سول ہسپتال اور ٹراما سینٹر میں مریضوں کے علاج معالجے کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کے بعد ٹراما سینٹر اور ہسپتال انتظامیہ کے فوری رسپانس ایکشن کو سراہا۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ گزشتہ روز کا واقعہ ایک بہت بڑا سانحہ تھا ایسی غیر معمولی صورتحال میں سول ہسپتال اور ٹراما سینٹر کی انتظامیہ نے پوری تندہی سے طبی ایمرجنسی کو ہینڈل کیا ، مشکل حالات میں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی بطریق احسن انجام دہی پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سے سفارش کی جائے گی کہ طبی خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں اور طبی اسٹاف کو حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ دئیے جائیں۔