31 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومعلاقائی خبریںوزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں پھلدار پودے...

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں پھلدار پودے لازمی لگانے کے احکامات جاری کر دیے

- Advertisement -

پشاور۔ 15 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں پھلدار پودوں کی شجرکاری کے فروغ کےلئے ایک اہم اقدام کے طور پرتمام محکموں کو سرکاری دفاتر، سرکاری رہائشی کالونیوں/ گھروں اور دیگر دستیاب قطعات پر پھلدار پودے لازمی لگانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔اس سلسلے میں وزیراعلی سیکرٹریٹ پشاور کی جانب سے تمام صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو باضابطہ مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔ مراسلے میں پھلدار پودوں کی شجرکاری بارے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے صوبے میں پھلدار درختوں کے ناپید ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے، شہری آبادی میں توسیع اور سجاوٹی پودوں کی شجرکاری کے فروغ سے مقامی پھلدار درخت ناپید ہو رہے ہیں، پھل اور بیج پیدا کرنے والے درخت پرندوں کے لئے خوراک کا اہم ذریعہ ہوتے ہیں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ مختلف انواع کے مقامی اور نقل مکانی کرنے والے پرندے ہمارے قدرتی ماحولیاتی نظام کا اہم حصہ ہوتے تھے مگر پھل اور بیج پیدا کرنے والے درختوں کے نہ ہونے کی وجہ سے پرندوں کی مختلف نسلیں معدوم ہوتی جا رہی ہیں۔ اس مجموعی صورتحال سے صوبے کے قدرتی ماحولیاتی نظام میں بگاڑ سے حیاتیاتی تنوع کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں، مراسلے میں ماحولیاتی نظام میں توازن اور صوبے کی حیاتیاتی تنوع کی بحالی کے لئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے آنے والی مون سون شجرکاری مہم کے دوران تمام محکموں اور ذیلی دفاتر کو اپنے وسائل سے دیسی پھلدار پودوں کی شجرکاری کا خصوصی اہتمام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں تاکید کی گئی ہے کہ مہم کے دوران تمام سرکاری دفاتر، رہائشی گھروں اور دیگر دستیاب قطعات پر پھلدار درخت لازمی لگائے جائیں

- Advertisement -

اور شجرکاری کے لئے مقامی آب و ہوا سے مطابقت رکھنے والے دیسی پودوں کو ترجیح دی جائے۔ مزیدبرآں تمام محکموں کو مہم کے اختتام پر اس سلسلے میں اپنے اقدامات کے بارے تفصیلی رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597551

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں