وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے خیبر کی تحصیل باڑہ میں نو قائم شدہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کا افتتاح کر دیا

103

پشاور۔ 05 دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے خیبر کی تحصیل باڑہ میں نو قائم شدہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کا افتتاح کر دیا۔یہ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے جمعرات کے روز ضلع خیبر کے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی ، اراکین کابینہ مینا خان آفریدی اور سہیل آفرید ی سمیت متعلقہ افراد وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔وزیر اعلی ہاوس پشاور حکام کی جانب جاری شدہ بیان کے مطابق 45 کنال رقبے پر محیط گرلز کالج 279 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے،کالج میں مجموعی طور پر 500 طالبات کی استعداد موجود ہے، اب تک 263 طالبات کالج میں داخلہ لے چکی ہیں۔

نو قائم شدہ کالج اکیڈیمک بلاک،ایڈمنسٹریشن بلاک، امتحانی ہال پر مشتمل ہے ۔

کالج میں سٹوڈنٹس ٹیچرز ہاسٹل، پرنسپل اور سٹاف کی رہائش ،پلے گراونڈز، کار پارکنگ سمیت دیگر سہولیات بھی دستیاب ہیں۔ کالج میں 30کے وی اے سولر سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کیٹیگری ڈی ہسپتال ڈوگرہ ،کٹیگری ڈی ہسپتال جمرود کی اپگریڈیشن اورعلاقے میں نرسنگ کالج کے قیام کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے زیر تعمیر پشاور باڑہ روڈ کو جلد مکمل کرنے اور نوگزی سڑک کی تعمیر کے لئے زمینوں کے معاوضوں کا مسئلہ جرگے کے ذریعے جلد حل کرنےکی بھی ہدایت کی ہے ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کی میڈیکل کالجوں میں داخلوں کے لئے قبائلی اضلاع کا کوٹہ بڑھانے کے لئے معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی تعلیم کا فروغ موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، ہم بچیوں کی تعلیم پر خاطر خواہ سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ مائیں ہی ایک تعلیم یافتہ قوم کی ضامن ہیں، ہم اپنی بچیوں پر سرمایہ کاری کرکے انہیں اپنا اثاثہ بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بچیوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، صرف انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، ہم بچیوں کو تمام شعبوں میں بھر پور مواقع فراہم کریں گے، وہ آگے آئیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے اس ملک کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں لیکن ان کی قربانیوں کا صلہ انہیں ابھی تک نہیں ملا، ایک وقت آئے گا سب کو قبائلی عوام کی قربانیوں کا احساس ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فخر ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام پورے ملک کی جنگ فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں، بانی چئیرمین پی ٹی آئی نے ہمیشہ قبائلی عوام کے حقوق اور ترقی کی بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع پر بھر پور وسائل خرچ کررہی ہے، ضم اضلاع کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے ہر مہینے فنڈز جاری کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کی ترقی اور وہاں سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، بہت جلد قبائلی عوام مثبت تبدیلی محسوس کریں گے، ضم اضلاع کے حقوق کے لئے ہر دستیاب فورم پر آواز اٹھاوں گا، قبائلی علاقوں کو دوسرے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے لئے ایک جامع پلان کے تحت اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کے تعلیمی اور طبی اداروں میں تعینات جو بھی لوگ ڈیوٹی نہیں کر رہے، عوام ان کی نشاندہی کریں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ضم اضلاع کے 30 ہزار گھرانوں کو مفت سولر سسٹم فراہم کر رہے ہیں، طلبہ اپنے والدین اور اساتذہ کی عزت کریں، یہ کامیابی کی ضمانت ہے۔