وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ورلڈ سپورٹس جرنلسٹ ڈے کےموقع پر کھیلوں کے شعبے سے وابستہ صحافیوں کو مبارکباد

142
Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa
Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa

پشاور۔ 01 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے ورلڈ اسپورٹس جرنلسٹس ڈے کے موقع پر کھیلوں کے شعبے سے وابستہ صحافیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں آج ورلڈ اسپورٹس جرنلسٹس ڈے منایا جا رہا ہے جس کا مقصد کھیلوں کے فروغ کے لئے اسپورٹس جرنلسٹس کے کردار اور اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے فروغ اور مقامی ٹیلنٹ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں اسپورٹس جرنلسٹس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور صوبائی حکومت اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اسپورٹس جرنلسٹس کو ان کی عالمی تنظیم اے آئی پی ایس کے سو سال مکمل ہونے پر بھی مبارکباد پیش کی ہے۔ اسپورٹس جرنلسٹس ڈے کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کھیلوں کے حوالے سے خیبر پختونخوا میں پے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جبکہ اس ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لیے صوبائی حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

موجودہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے مربوط اقدامات اٹھارہی ہے اور صوبے کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ علی امین گنڈاپور نے کہاکہ مقامی کھیلوں کا فروغ موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،صوبائی حکومت کھیلوں سے وابستہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گی۔