وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے ترک وزارت صحت کے وفد کی ملاقات‘ہیلتھ کئیر سروسز کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات پر اتفاق صوبے کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں موٹر بائیکس ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ‘موٹر بائیکس ایمبولینس سروس ریسکیو 1122 کا حصہ ہوگی‘ اس اقدام سے عوام کو ایمبولینس سروس کی سہولت میں بہتری آئے گی
لاہور۔03 دسمبر(اے پی پی )وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ہفتہ کے روز یہاں ترکی کی وزارت صحت کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت ترکی کے ہیلتھ اصلاحات پروگرام کے سینئر ماہر ڈاکٹر حسن کاگل کر رہے تھے۔ ملاقات میں پنجاب حکومت اور ترک وفد کا ہیلتھ کئیر سروسز کو بہتر بنانے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی معاونت سے صوبے کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں موٹر بائیکس ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موٹر بائیکس ایمبولینس سروس ریسکیو 1122 کا حصہ ہوگی اور اس اقدام سے صوبے کے عوام کو ایمبولینس سروس کی سہولت میں بہتری آئے گی۔