لاہور۔28نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب کی ہر تحصیل میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز آوٹ سورسنگ پلان کی منظوری دے دی۔عوام کی سہولت کے لئے ستھرا پنجاب ایپ بھی لانچ کی جائے گی۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز3 دسمبر کو پنجاب میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن مہم کا باقاعدہ آغاز کریں گی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں زیر ویسٹ مشن ستھرا پنجاب پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کی103تحصیلوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کی آوٹ سورسنگ مکمل ہوچکی ہے جبکہ مزید32 تحصیلوں میں آوٹ سورسنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مانیٹرنگ کے صفائی پر مامور گاڑیوں پر ٹریکر نصب ہونگے۔ صوبائی،ضلعی اور تحصیل کی سطح پر مانیٹرنگ کا سسٹم قائم کیا جائے گا۔
ہرتحصیل میں اے سی کی سربراہی میں6 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم ہوگی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کی آوٹ سورسنگ سے مجموعی طور پرایک لاکھ سے زائد افراد کو روزگار ملے گا۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی آوٹ سورسنگ سے87 ہزار اضافی ملازمتیں پیدا ہونگی۔21 ہزار سے زائد صفائی مشینری اور83 ہزار سے زائد صفائی آلات فراہم کیے جائیں گے۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ آوٹ سورسنگ سے لاہور کے 15لاکھ گھروں میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن کی جائے گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ لاہور کی 500 مارکیٹوں اور400 دیہاتوں میں صفائی یقینی بنائی جائے گی۔لاہور میں صفائی ستھرائی کے لئے 540 ورکرز ہائر کیے جائیں گے۔ لاہور کی ہر یونین کونسل میں خصوصی بیٹ اور 10لوڈ رکشے دیئے جائیں گے۔وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ ہر گلی محلہ میں صفائی کی کوالٹی یکساں اور بہتر ہونی چاہیے۔پنجاب میں زیرو ویسٹ انقلاب برپا کرینگے۔انہوں نے کہا کہ صفائی کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اور غفلت پر سخت ایکشن ہونا چاہیے۔وزیر اعلی مریم نواز نے مری میں صفائی کے انتظامات کو سراہا۔