لاہور۔12ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے پنجاب پولیس کو عوام کی حقیقی محافظ بنانے کے عزم اور کارکردگی میں بہتری کیلئے مثالی احکامات پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا۔ہوم سیکرٹری نورالامین مینگل نے آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کو مراسلے جاری کر دیئے۔
ترجمان کے مطابق شفافیت اور عوام سے بہتر رویہ یقینی بنانے کے لئے پولیس جوانوں کو باڈی کیم سے لیس کرنے کے فیصلہ پر عملدرآمد کاآغاز کردیا گیا ہے۔اس ضمن میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کا حکمنامہ جاری کر د یا گیا، ہوم ڈیپارٹمنٹ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پولیس باڈی کیم اور سوشل میڈیا پر پابندی کے احکامات جاری کیے۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازکے حکم پر پولیس آپریشن، انویسٹی گیشن اور ٹریفک ونگ کے اہلکار باڈی کیم لگائیں گے، باڈی کیم سے لیس کرنے پر پولیس اہلکاروں کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ بھی ممکن ہوگی، پولیس اہلکاروں کو باڈی کیم کی فراہمی کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں، پولیس افسران اور اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے سے سروس ڈلیوری متاثر ہو رہی ہے،
پولیس افسران کو سوشل میڈیا کی بجائے پروفیشنل ازم پر فوکس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے،اس سلسلے میں کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی، باڈی کیم لگانے کا مقصد پولیس کے رویہ میں بہتری اور مانیٹرنگ یقینی بنانا ہے۔