راولپنڈی۔22اپریل (اے پی پی):چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم راجہ محمد حنیف نے کہا ہے کہ آج پنجاب میں تعلیمی انقلاب برپا ہو چکا ہے اور اس کا سہرا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سر ہے جنہوں نے تعلیم کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کر کے عملی اقدامات کی ٹھوس مثالیں قائم کی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول امرپورہ میں سالانہ تقریبِ تقسیم انعامات کے شرکاء سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس پروقار تقریب میں علاقے کی ممتاز سماجی و تعلیمی شخصیات، والدین، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ حنیف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیمی وژن کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نہ صرف تعلیمی اداروں کی بہتری کے لئے پالیسی سازی کر رہی ہیں بلکہ سکولوں کا خود دورہ کر کے ان کی نگرانی بھی کر رہی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت تعلیم کو محض نعرہ نہیں بلکہ قومی ترقی کی ضمانت سمجھتی ہے۔
راجہ حنیف نے زور دے کر کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف اور صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف کی قیادت میں جو وژن پنجاب کو دیا گیا تھا، مریم نواز شریف اسے نئی جہتوں سے ہمکنار کر رہی ہیں، پنجاب کے ہر بچے اور بچی کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہمارا عزم ہے اور سرکاری سکول اب کسی بھی پرائیویٹ ادارے سے کم نہیں رہے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں اور بالخصوص بیٹیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں کیونکہ ایک پڑھی لکھی بیٹی ایک تعلیم یافتہ نسل کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لڑکیوں کی تعلیم کے لئے خصوصی سکالرشپس، ٹرانسپورٹ سہولیات اور انفراسٹرکچر کی بہتری جیسے تاریخی اقدامات کئے ہیں۔بعدازاں انہوں نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔ راجہ حنیف نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ یہ بچے پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔
انہوں نے اساتذہ کی محنت اور والدین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مشترکہ کاوشیں ہی ایک مہذب اور تعلیم یافتہ معاشرے کی بنیاد بنتی ہیں۔ سکول انتظامیہ نے مہمانِ خصوصی راجہ حنیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے تعلیمی وژن کو عملی جامہ پہنانے میں اپنی بھرپور توانائیاں صرف کرتے رہیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586004