راولپنڈی۔28مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب سمر گیمز 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں راولپنڈی ڈسٹرکٹ کی مرد و خواتین ہاکی ٹیموں کے انتخاب کے لیے دو روزہ ٹرائلز کل (جمعرات) سے شہناز شیخ ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راولپنڈی کے مطابق ٹرائلز دو دن تک جاری رہیں گے اور ہر روز سہ پہر تین بجے سے آغاز ہو گا۔
ٹرائلز میں راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے وہ لڑکے اور لڑکیاں حصہ لے سکتے ہیں جو ہاکی میں مہارت رکھتے ہیں اور وزیر اعلیٰ سمر گیمز میں اپنے ضلع کی نمائندگی کرنے کے خواہشمند ہیں۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ مکمل کٹ میں مقررہ وقت پر اسٹیڈیم پہنچیں تاکہ ٹرائلز کے عمل کو بروقت اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرائلز کے اختتام پر مردوں اور خواتین کی حتمی ٹیموں کا اعلان کیا جائے گا جو بعد ازاں وزیر اعلیٰ سمر گیمز 2025 میں منعقدہ مینز اینڈ ویمنز ہاکی ٹورنامنٹ میں راولپنڈی کی نمائندگی کریں گی۔
یہ اقدام پنجاب میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ہاکی کے شائقین اور سابق کھلاڑیوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان ٹرائلز کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602487