
لاہور۔یکم مارچ(اے پی پی )وزٍٍیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں الزام تراشی ،ہر کسی کو رگیدنے اورجھوٹ بولنے کے خطرناک رحجان کی طرف لیجانا اورگویبلز کی اس تکنیک کو دہراناکہ’ اتنا جھوٹ بولو کہ وہ سچ ثابت ہوجائے ‘یہ خطرے کی گھنٹی ہے،قوم کے نونہالوں اورنوجوانوں کو صحیح اورسچائی کے راستے سے ہٹا کر غلط بیانی اورجھوٹ بولنے کی طرف لگانا قوم کے ساتھ بڑی دشمنی ہے،عمران خان نے دن رات جھوٹ بول کرقوم کا قیمتی وقت بربادکر کے بڑا ظلم اورزیادتی کی ہے ،وہ پوری ڈھٹائی کے ساتھ جھوٹ بولتے ہیں،الزامات لگاتے ہیں،دروغ گوئی کرتے ہیں لیکن اس پر ذرا ندامت محسوس نہیں کرتے۔کرکٹ کے کھلاڑی ہونے کے ناطے اگر وہ اس طرح کی غلط بیانی اور جھوٹ بولتے رہیں گے تو بال ٹمپرنگ کے حوالے سے الزامات پر لوگ قیاس آرائیاں کریںگے جو لمحہ فکریہ اورقومی وقار کے منافی ہے۔قومی وقار اور عزت پر ہر چیزقربان ہے لیکن دن رات جھوٹ بول کر اسے خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے – عمران خان نے مجھ پر فیصل سبحان جیسے دیومالائی کردار تخلیق کر کے مجھ پر ایک نیا الزام لگایا ہے، ایک ٹی وی چینل نے بھی اس معاملے پر ہرزہ سرائی کی،عمران خان سے کہتا ہوںکہ” ثبوت لا¶ یا زبان کو لگام دو“ ،میں نے اس ٹی وی چینل کے خلاف برطانیہ میں مقدمہ کیا ہے اور وہاں ایک لا ءکمپنی کی خدمات بھی حاصل کی ہیں، برطانیہ میں مقدمہ کرنے کا مقصد ہرگز یہ نہیں کہ مجھے اپنی عدالتوں پر اعتماد نہیں لیکن ہمارے ہاں ہتک عزت کے مقدمات کے فیصلے کرنے کا نظام سست روی کا شکارہے – زندگیاں گزر جاتی ہیں لیکن ان مقدمات کے فیصلے نہیں ہو پاتے، اسی لئے میں نے اے آروائی کے خلاف برطانیہ میں قانونی چارہ جوئی کی ہے – وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان یک الزام لگاتے ہیں تو اس کا جواب دیتے ہیں اور نہ اسے دہراتے ہیں بلکہ ایک نیا الزام لگا دیتے ہیں –