وزیر اعلیٰ پنجاب عوامی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کیلئے بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہیں،رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام

67

سیالکوٹ۔16فروری (اے پی پی):رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عوامی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کیلئے بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ اتوار کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور ان کی یہ کوششیں دکھائی بھی دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف کی گذشتہ چند سالوں کی سیاسی جدوجہد کو تاریخ سنہرے حروف میں لکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن )کے قائد میاں محمد نواز شریف کی دلیر بیٹی اپنے والدمحترم کے نقش قدم پر گامزن ہیں ۔

رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ہر مشکل دور میں جب بھی حکومت ملی ملک کو مشکل وقت سے نکالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف بطور وزیراعلیٰ پنجاب اور محمد شہباز شریف بطور وزیراعظم پاکستان وفاق میں محمد نواز شریف کی قیادتِ میں ملک کیلئے بہترین کام کر رہے ہیں۔