سیالکوٹ ۔ 17 دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زرعی پیداوار میں اضافہ، کسانوں کو کاشتکاری کیلئے جدید زرعی آلات ، مشینری اور ٹریکٹر ز کی فراہمی اور بلا سود زرعی قرضہ جات کی فراہمی کیلئے 300 ارب روپے کا کسان دوست پیکج دیا ہے
، اس کے علاؤہ زیادہ رقبہ پر گندم کاشت کرنے والے کسانوں کیلئے اربوں روپے کا خصوصی انعامی پیکج جس کے تحت 25 ایکڑ سے زائد ملکیتی رقبہ پر گندم کاشت کرنے والے کسانوں کیلئے ایک ہزار گرین ٹریکٹر اور ساڑھے بارہ ایکڑ سے 25 ایکڑ برج ملکیتی رقبہ پر گندم کاشت کرنے والے کسانوں کیلئے 1 ہزار لیزر لینڈ لیولرر کی بذریعہ قرعہ اندازی بالکل مفت فراہمی شامل ہے اس جیسے زرعی پیکج کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔
یہ بات انہوں نے آج تحصیل ڈسکہ کے موضع آدمکے چیمہ میں زیادہ گندم اگانے کے لئے جدید پیدواری ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ ماہم مشتاق کے علاوہ محکمہ زراعت توسیع کے مقامی حکام اور کاشتکاروں نے کثیر تعداد میں سیمینار میں شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا کہ فی ایکڑ گندم کی پیدوار میں اضافہ کیلئے جدید کاشتکاری کیلئے مشینری اور ٹریکٹرز کی ضرورت ہے جس کیلئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے 9 ہزار 500 کاشتکاروں کو فی ٹریکٹر 10 روپے سبسڈی دی ہے اور ٹریکٹرز کی ڈیلیوری کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت توسیع کے مقامی حکام کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے فیلڈ میں موجود ہیں۔