
بھکر۔ 06 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں کے ثمرات سے ضلع بھکر کے کسان مستفید ہورہے ہیں اس سلسلہ میں تحصیل بھکر اور دریا خان میں کسان کارڈ کے اجراء کا عمل شروع کردیا گیا ہے ، اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے محکمہ زراعت توسیع کے دفتر میں فیتہ کاٹ کر کسان کارڈ کی تقسیم کے مرحلہ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور کسانوں میں کسان کارڈ تقسیم کئے۔ڈپٹی کمشنر نےاس سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کسان کارڈ پروگرام شعبہ زراعت کی ترقی کا ضامن ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ پروگرام سے ایک ایکڑ سے ساڑھے بارہ ایکڑ مالکانہ حقوق رکھنے والے کسان حضرات مستفید ہوسکتے ہیں۔کسان کارڈ کی بدولت کسانوں کو فرٹیلائزرز ،پیسٹی سائیڈز اور زراعت کی بہتری سے متعلقہ شعبوں میں معاونت کیلئے بلا سود قرضہ فراہم کیا جارہا ہے جس کا بنیادی مقصد کسانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسان بھائی کامل محنت اور ایمانداری سے کسان کارڈ کا استعمال کریں تاکہ حکومت پنجاب کے اس انقلابی نوعیت کے اقدام سے بھرپور مستفید ہوسکیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پروگرام سے گھر بیٹھے رجسٹر ہونے کیلئے اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے PKC سپیس اور پھر شناختی کارڈ نمبر8070 پر لکھ کر بھیجیں اور گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کروائیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رانا غلام مرتضیٰ ،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ڈاکٹر امیر حسین ،سنئیر ایگریکلچر آفیسر(توسیع )ڈاکٹر سجاد حسین،بنک آف پنجاب کے افسران اور کسانوں کی کثیر تعداد موجود تھے۔