وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن پر دنیا بھر کی سکھ برادری کو مبارکباد

100

لاہور۔15نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن پر دنیا بھر کی سکھ برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔بابا گرو نانک کے جنم دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ گرو نانک صاحب ہمیشہ انسانیت، محبت اور اخوت کے علمبردار رہے۔

پر امن معاشرے رواداری اور بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہوتے ہیں، گرونانک نے ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹنے کی تلقین کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ پنجاب کے نادار اقلیتی بہن بھائیوں کیلئے دسمبر میں مینارٹی کارڈ فنکشنل کیا جائے گا۔نادار اقلیتی بہن بھائیوں کو مینارٹی کارڈ سے ہر سہ ماہی10,000 روپے دیئے جائیں گے۔

اقلیتوں کے تحفظ کو مزید یقینی بنانے کے لئے مینارٹی ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ ہر شہری کو تمام سہولتیں اور حقوق ملنے چاہئیں،چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔مل جل کر سر زمین پاک کو امن و آشتی اور رواداری کی مثال بنانا ہے۔