سیالکوٹ۔ 28 ستمبر (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے شروع کی گئی گرین ٹریکٹر سکیم کی رجسٹریشن کا عمل اس وقت جاری ہے۔ ہفتہ کو یہاں ’’ اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ سمیت صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے وہ کسان جو اہلیت کے معیار پر پورا اترتے ہیں وہ گھر بیٹھے آ سانی سے آن لائن اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اس سکیم کے تحت مختلف کمپنیوں سے ٹریکٹر خریدنے پر کسانوں کو 10 لاکھ کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔ لہٰذا اگر آپ بھی کاشتکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں اور اس سکیم کے تحت ٹریکٹر کی خریداری کے لیے خصوصی سبسڈی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آج ہی اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رجسٹریشن کا عمل پنجاب حکومت کے قائم کردہ خصوصی ویب پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے مکمل کیا جا سکتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی سہولت کے لیے حکومت پجاب نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر میں جا کر رجسٹریشن مکمل کرنے کی سہولت بھی فراہم کر رکھی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=506417