مظفرگڑھ۔ 12 اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے دھی رانی پروگرام کے تحت اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے دھی رانی پروگرام کے ذریعے فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ دھی رانی پروگرام سے ریاست مدینہ کےاصول کی اس سے بڑی مثال نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مریم نواز غریب والدین کے ساتھ ان کی بیٹی کی طرح اور ان بیٹیوں کے ساتھ ایک ماں کی طرح کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھی رانی پروگرام میں سب سے زیادہ جنوبی پنجاب کی بیٹیاں شامل کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست کو ماں بنتے دیکھنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس پروگرام کے ذریعے والدین کے دل کی آواز بن کر ثابت کیا کہ وہ قوم کی بیٹی اور شفیق ماں ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت "دھی رانی پروگرام” کے تحت پنجاب بھر کی سب سے بڑی 131 اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب مظفرگڑھ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائر ایجوکیشن محمد اجمل خان چانڈیہ، ممبر صوبائی اسمبلی رانا عبدالمنان ، کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن، ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو منور عباس بخاری اور ڈی جی سماجی بہبود طارق قریشی نے بھی شرکت کی۔