وزیر اعلیٰ پنجاب کاچلڈرن اور جنرل ہسپتال کا دورہ، اپ گریڈیشن کے کام کا معائنہ

159
Interior Minister Mohsin Naqvi
Interior Minister Mohsin Naqvi

لاہور۔22جنوری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی شدید سردی میں چلڈرن ہسپتال اور جنرل ہسپتال پہنچ گئے۔وزیراعلیٰ نے دونوں ہسپتالوں کا 3 گھنٹے طویل دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کی تکمیل کے بعد چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی اور وارڈز کو رواں ہفتے کھولنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی،مین کوریڈور اور وارڈز میں اپ گریڈیشن کے کام کا معائنہ کیا اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی کے سامنے والے حصے کو بھی بہتر بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گرائونڈ فلور، فرسٹ فلور اور سیکنڈ فلور پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔

وزیراعلی ٰمحسن نقوی نے مین کوریڈور،استقبالیہ کاونٹرز،میڈیکل،سرجیکل،ایچ ڈی یو اور آئی وارڈز میں جدید بیڈز کا معائنہ کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے کاونٹرز اور وارڈز میں تعمیراتی کاموں کے معیار کی تعریف کی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے سیکنڈ فلور پر بچوں کے لئے بنایا گیا پلے ایریا بھی دیکھا،ایمرجنسی اور وارڈز میں کام جلد مکمل کرنے کاحکم دیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے وارڈز کی دیواروں پر بچوں کے لئے خوبصورت پینٹنگز لگانے کی ہدایت کی۔چلڈرن ہسپتال کے بعد وزیر اعلی محسن نقوی جنرل ہسپتال پہنچے اور ایمرجنسی بلاک میں اپ گریڈیشن کے کاموں میں سست روی پر برہمی کا اظہارکیا۔

وزیراعلی ٰمحسن نقوی نے لیبر فورس کی تعداد میں کمی پر بھی نا راضگی کا اظہارکیا اور لیبر فور س کی تعداد بڑھانے اور کام کی رفتار تیزکرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی کے داخلی دروازے کے قریب مریضوں اور لواحقین کی سہولت کیلئے میو ہسپتال کی طرز پر استقبالیہ کاونٹربنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک کے فرسٹ،سیکنڈ، تھرڈ اور فورتھ فلور پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور زیر تعمیر آپریشن تھیٹرز کا بھی معائنہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ پوری کوشش کی جائے کہ اپ گریڈیشن کا کام مقررہ وقت پر مکمل ہو۔پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 110سے زائد ہسپتالو ں میں مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنایا جا رہاہے۔

ہسپتالو ں کے 6 لاکھ سکوائر فٹ سے زائد ایریا کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔پوری ٹیم یکسوئی کے ساتھ محنت کر رہی ہے۔پوری امید ہے کہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا کام جلد مکمل ہوگا اور مریضوں کو ہیلتھ کیئر کی بہتر سہولتیں میسر ہوں گی۔سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور سیکرٹری صحت نے دونوں ہسپتالوں کے اپ گریڈیشن کے کاموں اور تکمیل کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وز را ڈاکٹر جاوید اکرم،ڈاکٹر جمال ناصر،سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،کمشنر،چیئرمین پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر فرقد عالمگیر،سپیشل سیکرٹری ہیلتھ اور دونوں ہسپتالوں کی انتظامیہ بھی اس موقع پر موجود تھی۔