
گلگت۔9اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بلدیاتی انتخابات کی حلقہ بندیوں کے حوالے سے افسران کیلئے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنے،نئی قیادت کو سامنے لانے اور اختیارات کی حقیقی معنوں میں نچلی سطح پرمنتقلی کیلئے بلدیاتی انتخابات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ ہماری حکومت اختیارات کو نچلی سطح تک منتقلی کیلئے پر عزم ہے۔
بدقسمتی سے گلگت بلتستان میں 2004 ء سے بلدیاتی انتخابات تعطل کا شکار رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کابینہ کے پہلے اجلاس میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2014کو فی الفور صوبے میں نافذ العمل کرانے کا فیصلہ کیا اور عوام کو اس بات کا عندیہ دیا کہ موجودہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو ہرصورت یقینی بنائے گی۔
بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے حد بندی اور حلقہ بندی کرانا ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ کامیابی سے حد بندی کے پہلے مرحلے کو احسن طریقے سے مکمل کرنے پر چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو خراج تحسین کے مستحق ہیں۔بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے دوسرا اہم مرحلہ حلقہ بندیوں کا تعین کرنا ہے۔ شفاف انداز میں حلقہ بندیوں کیلئے خصوصی کمیٹیوں کی تربیت کا انعقاد چیف الیکشن کمشنر کا احسن اقدام ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خصوصی تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے تجربہ کار افسران کو گلگت بلتستان میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے کمیٹیوں کی تربیت کیلئے بھیجا۔
مجھے امید ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے بنائے گئے کمیٹیوں کے آفیسران اس تربیت سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے اپنے اضلاع میں ہر قسم کی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر علاقے کے بہترین مفاد اور خوشحالی کو مدنظر رکھتے ہوئے میرٹ پر حلقہ بندیاں کریں گے۔ ماضی میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے شکایات سامنے آئی ہیں جن کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی حلقہ بندیاں کی جائیں۔
بلدیاتی انتخابات کے جلد انعقاد کیلئے ٹائم لائنز کے مطابق حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کیا جائے جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر اور کابینہ کی مشاورت سے بلدیاتی انتخابات کے تاریخ کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ میری خواہش ہے کہ ہمارے دور حکومت میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کو یقینی بنایا جائے جو علاقے اور عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے معاون ثابت ہوں گے۔