وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی زیر صدارت خطے کی موجودہ مجموعی صورتحال کے حوالے سے اجلاس

183
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

استور۔ 02 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی زیر صدارت خطے کی موجودہ مجموعی صورتحال کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔ اجلاس میں صوبائی وزراء شمس لون، سہیل عباس اور رحمت خالق کے علاوہ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، سیکرٹری داخلہ گلگت بلتستان، پولیس حکام اور حساس اداروں کے ذمہ داران شریک تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی رٹ قائم رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فوج طلب کی جائے گی،اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے بڑے شہروں میں رینجرز،جی بی اسکاؤٹس اور ایف سی اہلکار تعینات کیئے جائیں گے۔اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی مسلک کے عقائد اور مقدس شخصیات کی عوامی جلسوں میں توہین پر قانونی چارہ جوئی کی جائے گی،

حکومت امن و امان کو برقرار رکھنے اور کاروباری وسیاحتی سرگرمیوں کو ہر حال میں جاری رکھنے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے گی،اس سلسلے میں محکمہ داخلہ گلگت بلتستان نے غیر قانونی اجتماعات اور سڑکیں بلاک کرنے پر فوری طور پر دفعہ 144 کا اطلاق کر دیا ہے اور صوبائی حکومت نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی سے سختی سے نمٹا جائے گا،

امن کے دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے صوبائی حکومت کے تمام ادارے الرٹ ہیں، عوام سے بھی امید کی جاتی ہے کہ نفرت اور شر انگیزی کو مسترد کرتے ہوئے امن عامہ برقرار رکھنے اور خطے کا اجتماعی مفاد مقدم رکھتے ہوئے حکومتی کاوشوں کا ساتھ دیں اور شرپسند عناصر کے مذموم مقاصد ناکام بنائیں۔