کوئٹہ۔ 19 فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع بارکھان میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانابزدلانہ فعل اورناقابل معافی جرم ہے ،امن دشمنوں کا بزدلانہ وار ناقابل برداشت ہے اور اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔
اپنے جاری بیان میں وزیراعلیٰ نے ضلع بارکھان میں 7معصوم اور بے گناہ مسافروں کوبسوں سے اتار کردہشت گردوں کے ہاتھوں بہیمانہ قتل کی مذمت کی اور کہاکہ دہشتگرد معصوم اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنارہے ہیں ،امن دشمنوں کا بزدلانہ وار ناقابل برداشت ہے اور اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، پاکستانیوں کو شہید کرنے والے دہشتگردوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔