وزیر اعلی بلوچستان کی زیرصدارت بجٹ پر پارلیمانی کمیٹی کا مشاورتی اجلاس

8

کوئٹہ۔ 13 جون (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت جمعہ کو بجٹ پر پارلیمانی کمیٹی کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء میر سلیم احمد کھوسہ ،نوابزادہ طارق خان مگسی ،میرصادق عمرانی ،میر ظہور احمد بلیدی ،بخت محمد کاکڑ، میرشعیب نوشیروانی ،عبدالمجید بادینی ،انجینئر زمرک خان اچکزئی ،میر حاجی علی مدد جتک ودیگر بھی موجود تھے ۔

اجلاس میں آئندہ مالی سال کی ترجیحات پر غورکیاگیا۔اجلاس کو بتایا گیاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے بجٹ تجاویز کو قابلِ عمل اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کے لئے اتحادی جماعتوں کی مشاورت کا تسلسل جاری جاری ہے ،اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں، سماجی شعبوں اور مالی نظم و نسق پر مفصل تبادلہ خیال کیاگیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ بجٹ میں شفافیت، فلاح عامہ اور توازن کو بنیادی رہنما اصول بنایا جا رہا ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بجٹ کو موثر اور جامع بنایا جائے گا، ترجیحات کا تعین عوام کی بنیادی ضرورتوں کو مدنظر رکھ کر کیا جارہا ہے،

ایسا بجٹ لا رہے ہیں جو صرف اعداد کا مجموعہ نہیں، بلکہ ترقی کا روڈ میپ ہوگا، مالیاتی نظم و ضبط اور کفایت شعاری کا اصول بجٹ کا بنیادی جزو ہوگا، بجٹ میں نوجوانوں، خواتین اور کمزور طبقات کے لیے خصوصی اقدامات شامل ہوں گے، مشاورتی تسلسل کا مقصد سیاسی اتفاقِ رائے اور اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانا ہے۔