پشاور۔4مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کوچہ رسالدار مسجد میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پی سے رپورٹ طلب کی ہے۔
انہوں نے ریسکیو اداروں کو فوری طور پر دھماکے کی جگہ پہنچنے اور زخمیوں کی ہسپتال منتقلی کے لئے ضروری کارروائی کی ہدایات جاری کی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ریسکیو اداروں اور انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کاکہاہے انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلی نے صوبائی کابینہ اراکین بیرسٹر محمد علی سیف اور کامران بنگش کو فوری طور پر ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے امدادی کارروائیوں اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے کاموں کی نگرانی کے احکامات جاری کئے ہیں۔
وزیراعلیٰ محمودخان نے کہاکہ عبادت گاہ میں نمازیوں کو نشانہ بنانا غیر انسانی اور ظالمانہ فعل ہے جتنی مذمت کی جائے کم ہے اس بہیمانہ واقعے کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔