لاہور۔30 مئی(اے پی پی )وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے اسلام آباد میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کا دور کبھی واپس نہیں آئے گا، منصوبوں کی آڑ میں کرپشن کرنے والے ملک و قوم کے مجرم ہیں، سابق حکمرانوں نے نمود و نمائش کے منصوبوں میں قومی وسائل برباد کئے اور قومی وسائل کی بندربانٹ کرکے ذاتی تجوریاں بھری گئیں، لوٹ مار کرنے والوں کو اپنے کئے کا حساب دینا ہوگا، کرپٹ عناصر کے بلاامتیاز احتساب سے ہی پاکستان آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت قومی وسائل کو عوام کی امانت سمجھتی ہے اور ہماری قیادت نے قومی وسائل اپنی ذات پر خرچ کرنے کی غلط روایت کو ختم کیا ہے۔ اب عوام کا پیسہ فلاح عامہ پر ہی صرف ہو رہا ہے۔ تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھیں گے۔ عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کرکے عوام کے مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار پنجاب میں عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں، اپوزیشن کا کرپشن پر پردہ ڈالنے کا بیانیہ ہے اور اپوزیشن جماعتوں کو پاکستان کے عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جماعتیں عوامی مسائل میں اضافے کی ذمہ دار ہیں اور اب بلاجواز شور مچا رہی ہیں۔انہو ں نے کہا کہ عام انتخابات میں مسترد عناصر کی منفی سیاست دم توڑ چکی ہے جبکہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔