وزیر اعلی سندھ کی چین کمپنی کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے چین کی شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کمپنی لمیٹڈ کو سندھ کے بنیادی ڈھانچے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دیتے ہوئے صوبائی حکومت کے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔یہ دعوت وزیر اعلی ہائوس میں شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کے چیئرمین ژو شیانگ …

کراچی۔ 24 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے چین کی شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کمپنی لمیٹڈ کو سندھ کے بنیادی ڈھانچے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دیتے ہوئے صوبائی حکومت کے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔یہ دعوت وزیر اعلی ہائوس میں شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کے چیئرمین ژو شیانگ کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران دی گئی۔

جمعہ کو وزیر اعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفد میں شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کے ڈائریکٹر وانگ ژین رونگ شامل تھے جبکہ تابانی گروپ کی نمائندگی چیئرمین حمزہ تابانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر حاتم تابانی، ڈائریکٹرز عبد الواسع تابانی اور ارحم تابانی اور جنرل منیجر ماجد نصیر نے کی۔ملاقات میں وزیر اعلی کے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لیے معاون خصوصی قاسم نوید، پرنسپل سیکرٹری آغا واصف اور چیئرمین سی ایم آئی ٹی بلال میمن نے بھی شرکت کی۔

وزیر اعلی سندھ نے چینی وفد اور تابانی گروپ کا خیرمقدم کرتے ہوئے سندھ میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا اور شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں میں صوبائی حکومت کے ساتھ شراکت داری کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں، فلائی اوورز، پانی صاف کرنے کے منصوبوں، سمندری پانی کو میٹھا کرنے کے پلانٹس، ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے اور شہری ترقی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کر رہی ہے۔

وفد کو صوبے بھر میں جاری بنیادی ڈھانچے، ٹرانسپورٹ اور شہری ترقی کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کے نمائندوں نے سندھ کے ترقیاتی ایجنڈے میں شرکت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ چینی کمپنی اور تابانی گروپ دونوں نے سندھ حکومت کے ساتھ مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد اور مشترکہ خوشحالی کی ایک روشن مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور سندھ کی معاشی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔دونوں جانب سے بنیادی ڈھانچے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی وفد نے سندھ کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا اور مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید خبریں