لاہور۔6ستمبر (اے پی پی):زندہ دلان لاہور کی سہولت کے لئے دو نئے منصوبے شروع،نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے خالد بٹ چوک انڈرپاس اور گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ فلائی اوور کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔دونوں منصوبوں کی تکمیل سے سنٹر پوائنٹ تا ڈیفنس موڑ سگنل فری کوریڈور بنے گا۔خالد بٹ چوک پر دو رویہ، دولین پر مشتمل انڈرپاس تعمیر کیا جائے گا۔
گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ پر تین لین پر مشتمل 742 میٹر طویل فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ دونوں منصوبوں کو 3ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ایل ڈی اے خالد بٹ چوک پر انڈرپاس جبکہ سی بی ڈی گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ پر فلائی اوور تعمیر کرے گا۔ منصوبے سے منسلک دیگر سٹرکوں کی مرمت کا کام بھی کیا جائے گا۔ منصوبوں کی تکمیل سے یومیہ ایک لاکھ 80ہزار گاڑیوں کو آمد ورفت میں بے پناہ آسانی ملے گی۔ گلبرگ، کلمہ چوک، سی بی ڈی، کینٹ کیولری گرانڈ، ڈی ایچ اے اوروالٹن میں رہنے والے شہری مستفید ہو ں گے۔
کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا، چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی عمران امین اورایل ڈی اے و سی بی ڈی کے انجینئرز نے منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خالد بٹ چوک انڈرپاس کی لمبائی 540میٹر اور چوڑائی 15.8میٹر ہوگی۔نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے خالد بٹ چوک انڈرپاس اور گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ فلائی اوور کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کام کی سپیڈ ٹیم کی وجہ سے ہے جو کہ سامنے کھڑی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=387663