وزیر اعلی محسن نقوی کا رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا دورہ، بحریہ ٹائون روٹ اورگرینڈ مسجد سے اڈہ پلاٹ ارتھ ورک کا معائنہ کیا

123
Mohsin Naqvi

لاہور۔16ستمبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ہفتہ کے روز لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا دورہ کیا اور بحریہ ٹائون میں سے گزرنے والے پراجیکٹ کے روٹ کاتفصیلی معائنہ کیا۔وزیراعلی نے گرینڈ مسجد بحریہ ٹائون سے اڈہ پلاٹ تک منصوبے کے ارتھ ورک کا جائزہ لیا ۔انہوں نے ارتھ ورک کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اضافی وسائل اور ضروری مشینری لگا کر ارتھ ورک کو مکمل کیا جائے۔ محسن نقوی نے پراجیکٹ کی مقررہ مدت میں تکمیل کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔

وزیر اعلی نے کہا کہ رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی،12سال کے طویل عرصے کے بعد اس منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے،ملتان روڈ اورٹھوکر نیاز بیگ پر ٹریفک کا لوڈ کم ہو گا،لاہور کی ٹریفک بہترین طریقے سے ریگولیٹ ہو گی ۔اس موقع پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور ایف ڈبلیو او کے حکام نے وزیراعلی محسن نقوی کو رنگ روڈ سدرن تھری پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی-چیئرمین لاہور رنگ روڈ اتھارٹی اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے-

وزیراعلی محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری ایک بڑا منصوبہ ہے،پوری کوشش ہے کہ بروقت مکمل ہو،8کلومیٹر طویل لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری ملتان روڈ سے اڈہ پلاٹ تک تعمیر کیا جارہا ہے اور امید ہے کہ یہ منصوبہ 31دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔وزیراعلی نے کہا کہ ڈمپر ز کا ایشو ہے جسے حل کیا جارہا ہے،لاہور رنگ روڈ مکمل ہونے سے پورے شہر کی ٹریفک کا مسئلہ حل ہو گا،ملتان سے آنے والی ٹریفک شہر کے اندر آتی ہے،سدرن لوپ تکمیل سے ٹریفک کا رش کم ہو گا جبکہ ملتان کی طرف سے آنے والی ٹریفک شہر کے باہر سے ہی اپنی منزل پر پہنچے گی،بند روڈ پراجیکٹ پر کام شروع ہو رہا ہے جس سے شہریوں کو آمدو رفت میں بہت آسانی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں اور کوشش ہی ہمارے بس میں ہے باقی کام اللہ تعالی بہتر کرے گا،اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس پر طلبا وطالبات کیلئے فری سفر کی سہولت فراہم کر دی ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے طالب علموں پر بہت زیادہ بوجھ آرہاہے،تیل بہت مہنگا ہوا ہے لوگ پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں،پبلک ٹرانسپورٹ کی تعداد بڑھانے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے کار اور موٹرسائیکل سوار پریشان ہیں،تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود میٹروبس کے کرائے میں اضافہ نہیں کیا، بیشترمیٹروبسوں کے اے سی ٹھیک ہو چکے ہیں،میٹرو بس سٹیشنز پرپانی بھی مہیا نہیں تھا، سٹیشنز کی بری حالت تھی مگر اب صورتحال بہت بہتر ہے ۔