وزیر اعلی مریم نواز صوبہ کے متوسط طبقے کی فلاح کیلئے دن رات کوشاں ، پنجاب میں ” دھی رانی پروگرام” لائق تحسین منصوبہ ہے،رانا تنویر حسین

96
Rana Tanveer Hussain
Rana Tanveer Hussain

لاہور۔1فروری (اے پی پی):لاہور / شیخوپورہ ۔اے پی پی )وفاقی وزیر صنعت و پیداوار و غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز صوبے کے متوسط طبقے کی فلاح کیلئے دن رات کوشاں ہیں،پنجاب میں ” دھی رانی پروگرام” لائق تحسین منصوبہ ہے ، پی ٹی آ ئی حکومت نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا،دنیا آج موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی معترف ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو شیخوپورہ میں وزیر اعلی” دھی رانی پروگرام ” کے تحت منعقدہ اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز صوبے کے متوسط طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات محنت کر رہی ہیں، چیف منسٹرروزانہ کی بنیاد پر کسی نہ کسی منصوبے کا آغاز کر اورپنجاب کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہیں،طلبہ میں لیپ ٹاپ سکیم،سکوٹیز،کسان کارڈ ،اقلیتی کارڈ کی فراہمی اوربے روز گار افراد کیلئے قرضہ جات سکیم کا اجرا ء جیسے قابل تحسین منصوبے شروع کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں محمد شہباز شریف نے بطور وزیر اعلی پنجاب صوبے کیلئے بہت کام کیا اور عوام کو سہولیات فراہم کیں جبکہ آج مریم نواز بھی اسی طرز عمل کو آگے بڑھا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ایسے افراد بھی موجود ہیں جو اپنی مالی مشکلات کی وجہ سے اپنے بچے بچیوں کی شادیاں وقت پر نہیں کر پاتے ،خوشحال طبقے کو چاہیے کہ وہ آگے آئیں اور ان متوسط طبقے کی مالی امداد کریں تاکہ وہ دوسروں کی طرح اپنے بچوں کی باآ سانی شادیاں کر سکیں ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی چار سالہ حکومت نے ملکی معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا اور اسے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ،ان کے دور میں ملک کے کسی حصے میںایک بھی عوامی منصوبہ شروع نہیں ہوا بلکہ اس حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان ڈیفالٹ ہونے کے قریب پہنچ گیا،ملک میں مہنگائی کا سیلاب آیا ، بے روز گاری میں اضافہ ہوا ،پاکستان کی خارجہ پالیسی کمزور اور برادر ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہو ئے ۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک عوامی جماعت ہے، اسے عوام کے بنیادی مسائل کا ادراک اور انہیں حل کرنے کیلئے پرعزم ہے ،جب بھی مسلم لیگ ن اقتدار میں آئی ، اس نے فلاحی منصوبوں کا جال بچھایا، آج بھی دنیا پاکستان کی پالیسیوں کی معترف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف اپنی باصلاحیت ٹیم کے ہمراہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے مصروف عمل ہیں ،ملک میں مہنگائی کا گراف روز بروز نیچے آ رہا ہے ،معیشت ترقی کی جانب گامزن اورسٹاک ایکسچینج آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہے ۔ وفاقی وزیر نے ” دھی رانی پروگرام” کے تحت بننے والے نئے شادی شدہ جوڑوں کو مبارک باد بھی دی۔