وزیر اعلی مریم نواز کی بلوچستان ، مستونگ میں گرلز ہائی سکول کے قریب بم دھماکے کی مذمت

151

لاہور۔1نومبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گرلز ہائی سکول کے قریب بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔جمعہ کے روز جاری اپنے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے دھماکے میں بچوں اور پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، دہشتگرد ایسے حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے،ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دینے والے پولیس افسران و جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ،پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ دہشتگرد عناصر انسانیت کے دشمن ہیں،حکومت وپاکستانی قوم ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ،معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے افسوسناک واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو جلد سے جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے ۔وزیر اعلی مریم نواز نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداء کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطاء فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ حوصلے وہمت سے برداشت کرنے کی توفیق دے ،انہوں نے شہداء کی بلندی درجات کیلئے بھی دعا کی ۔