لاہور۔21مئی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے عوام کیلئے بجلی مہنگی ہونے کے خدشہ کے پیش نظر ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیلئے واٹر چارجز بڑھانے سے روک دیا ہے۔ وزیر اعلی مریم نواز کی زیر صدارت کا بینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کاچوتھا اجلاس منعقدہواجس میں پرائیویٹ سیکٹر ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیلئے واٹر چارجز میں اضافے کی تجویز پیش کی گئی تھی -ہائیڈور پاور پراجیکٹس واٹر چارجز میں اضافے سے بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان تھا۔وزیراعلی نے کہاکہ چارجز بڑھانے سے ریونیو بڑھے گا لیکن بجلی کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے، مخالفت کریں گے۔
سالڈ ویسٹ مینجمنٹ آوٹ سورسنگ ماڈل کیلئے وزیراعلی نے مجوزہ سینی ٹیشن چارجز کم کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلی نے محکمہ بلدیات کو مجوزہ سینی ٹیشن چارجز میں 50 فیصد سے زائد کم کرنے کی ہدایت کردی-بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ پنجاب میں 19.85 ملین رہائشی یونٹس، 20 لاکھ کمرشل یونٹس ہیں۔ 5 مرلہ تک 300روپے،10 مرلہ کے گھر پر 500 روپے سینی ٹیشن چارجز لگانے کا فیصلہ کیا گیا-دیہی علاقوں میں دس مرلہ تک 200 اور دس مرلہ سے بڑے گھروں پر 500 سینٹری چارجز لاگو ہونگے۔اجلاس میں 685ملین روپے سے 2 سڑکو ں کی تعمیر کیلئے پی ایس ڈی پی 2023-24 کے فنڈز کے اجرا کی منظوری دی گئی- لوئر ٹوپا مری سے چوک پنڈوری براستہ کوٹلی ستیاں 123 کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کی جا رہی ہے۔
سالم سے سرگودھا براستہ بھلوال اجنالہ 47 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔ گرین پاکستان پروگرام کیلئے فنڈز،پنجاب ریونیو اتھارٹی ایپلٹ ٹریبونل کے اکاونٹس گروپ ممبر کیلئے الاونس کی منظوری دی گئی – اولڈ ایج ہوم میں رہائش پذیر 10 خواتین کیلئے حج کا وعدہ پورا کردیا گیا اس ضمن میں 20 ملین فنڈز کی منظوری دی گئی-وزیر اعلی مریم نے کہا کہ حج پر جانے والی خواتین کو خود روانہ کروں گی۔ سالانہ ترقیاتی پلان2023-24میں سپورٹس کمپلیکس گا وشالا لاہور پراجیکٹ شامل کرنے کی منظوری دی گئی-ٹھالیاں سے سنگ جانی راولپنڈی رنگ روڈ فیزٹو کی فیزیبلٹی اور ڈیزائن کنسلٹنسی سروسزکے لئے پی سی ٹو کو بطور سپلیمنٹری پراجیکٹ شامل کرنے کی منظوری دی گئی-
اجلاس میں لاہوراو رفیصل آباد میں 400 واٹر فلٹریشن پلانٹس کو سولرانرجی پر منتقل کرنے اور10 سال کے لئے آپریشنل اینڈ مینجمنٹ کی منظوری دی گئی۔پنجاب کی صوبائی حدودپر چیک پوسٹ کی تعمیر کے پروگرام کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2023-24میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں موبائل ایپلی کیشن ای پے پنجاب پر دی جانے والی سروسز پر پی آئی ٹی بی کے لئے سروس چارجز کی منظوری بھی دی گئی-
سیلز ٹیکس کی ادائیگی پر 100 روپے اور دیگر ٹرانزیکشنز پر 15 روپے سروسز چارجز لاگو ہونگے۔ 2019 سے ابھی تک ای پے پنجاب سے 54 لاکھ ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں۔ فیروز پور روڈ سے گارمنٹس سٹی کے لئے 306 ملین روپے سے رابطہ سڑک تعمیر کرنے کی منظوری بھی دی گئی -سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیرخزانہ مجتبی شجاع الرحمن، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز خزانہ، قانون، آئی اینڈ سی، انفارمیشن اینڈ کلچر، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور دیگر نے شرکت کی۔