وزیر اعلی مریم نواز کی چین کے 75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت، قونصل جنرل ژا شیریں سے ملاقات،قومی دن پر مبارکباد

120

لاہور۔23ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت کی۔وزیر اعلی مریم نواز نے چینی قونصل جنرل ژا شیریں سے ملاقات کی اور چین کے قومی دن پر مبارکباد دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ پاک چین دوستی کا بانڈ محض اسٹریٹجک مفادات پر مبنی نہیں،یہ دل اور روح کا رشتہ ہے۔پاک چین تعلقات باہمی احترام،اعتماد اور ایک دوسرے کی خوشحالی کے لیے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ چین کے 75 ویں قومی دن پر پاکستانی عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

پنجاب کے لوگ چینی بھائیوں اور بہنوں کو نیک خواہشات اور دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔عوامی جمہوریہ چین کے75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت باعث فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی قوم نے نہ صرف ترقی اور اختراع کی بلندیوں کو چھو لیا بلکہ عالمی برادری کی طرف دوستی کا ہاتھ بھی بڑھایا ہے۔پاور کوریڈور سے لے کر عام شہریوں کے دلوں تک چین نے گھر کر لیا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ چین کی عظمت،تعاون اور انسانیت کی بھلائی کے غیر متزلزل عزم میں مضمر ہے۔ہم عظیم چینی قوم کا احترام کرتے ہیں۔پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی اعتماد،احترام اور روشن مستقبل کے مشترکہ ویژن سے منسلک ہے۔ چین سے ہمارا رشتہ برادرانہ محبت،باہمی احترام اور غیر متزلزل اعتماد کا ہے۔برادر ملک چین کی شاندار کامیابیوں کو فخر کے ساتھ مناتے ہیں۔وزیر اعلی مریم نواز نے مزید کہا کہ چین کی کامیابیاں ہمارے لیے بھی حوصلہ افزائی اور قابل تقلید ہیں۔ضرورت کی ہر گھڑی میں چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔دونوں ممالک خوشحالی اور پر امن مستقبل کی طرف ہاتھ تھام کر آگے بڑھ رہے ہیں۔دعا ہے کہ پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو۔مریم نواز نے کہا کہ چین نے قابل ذکر معاشی تبدیلی لاکر کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکالا۔

ٹیکنالوجی،انفراسٹرکچر اور انڈسٹری کے شعبے میں چین دنیا کے لیے مثال بن چکا ہے۔وزیر اعلی مریم نواز نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہر عالمی بحران میں چین کا کردار ناقابل فراموش ہے۔کووڈ جیسی وبائی بیماری ہو یا قدرتی آفات چین نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ضرورت مند ممالک کے لیے وسائل مہیا کئے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن کے طور پر چین نے مستقل طور پر امن و ترقی کو فروغ دیا۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو عالمی خوشحالی کے لیے چین کے عزم کا اظہارکرتا ہے۔چین کی اقتصادی ترقی کے ثمرات سے دنیا بھر کے لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین ایک ایسے رہنما کے طور پر ابھرا ہے جس کا وژن سرحدوں سے ماورا ہے۔پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں جیسی گہری اور پہاڑوں جیسی مضبوط ہے۔وزیر اعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ محمد نواز شریف نے پاک چین دوستی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد قرار دیا۔ محمد نواز شریف چینی عوام کے ساتھ برادرانہ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہو ں نے کہاکہ ہر عالمی فورم پر چین ایک سچے اور وفادار دوست کے طور پر پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ معاشی مدد ہو،سفارتی حمایت ہو یا بحران کے وقت مدد،چین نے ہمیشہ حقیقی معنوں میں بھائی ہونے کا ثبوت دیا ہے۔انہو ں نے کہا کہ ہمارے مشترکہ مستقبل کا ایک اہم ترین ثبوت چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک)ہے۔سی پیک محض ایک منصوبہ نہیں،دو قوموں کے لیے امید،ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے۔چین بیلٹ اینڈ روڈ انیشییٹو کے ذریعے اقتصادی ترقی تک رسائی کا قابل قدر اقدام سر انجام دے رہا ہے۔سی پیک پاکستان کے معاشی منظر نامے کو تبدیل کر رہا ہے۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے فخر ہے کہ پنجاب مثبت معاشی تبدیلی میں سب سے آگے ہے۔ مضبوط صنعتی بنیاد اور متحرک افرادی قوت کے ساتھ،پنجاب چینی سرمایہ کاری کے لیے منفرد مقام رکھتا ہے۔چین سے شراکت داری کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے پنجاب حکومت چینی سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی پیکج دے رہی ہے۔پنجاب کو چینی کاروبار کے لیے ایک پسندیدہ مقام بنانے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔چین کے قونصل جنرل ژا شیریں نے خطاب میں وزیر اعلی مریم نواز شریف کے عوام دوست اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا اور نواز شریف آئی ٹی سٹی،کینسر ہسپتال،ائر ایمبولینس،”اپنی چھت… اپنا گھر پروگرام "کا خصوصی ذکر کیا۔چینی قونصل جنرل ژا شیریں نے کہاکہ سولر پینل پروگرام سے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا۔حکومت پنجاب عوام کے لیے بہترین خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ژا شیریں نے پاک چین دوست زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔چینی قونصل جنرل نے کہا کہ یہ میرا نہیں ہمارا دن ہے،تقریب میں مہمانوں کی شرکت پاک چین تعلقات کے استحکام کی دلیل ہے۔تقریب میں عوامی جمہوریہ چین اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔چینی فنکاروں نے روایتی چینی ثقافتی فن کا مظاہرہ کیا۔وزیر اعلی مریم نواز،چینی قونصل جنرل اور دیگر نے ملکر عوامی جمہوریہ چین کی 75 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔چینی موسیقی،دھرتی سے محبت کے گیت اور ڈریگن شو بھی پیش کئے گئے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر،سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیرصنعت چوہدری شافع حسین،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، آئی جی عثمان انور اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔