لاہور۔20جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز او رپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمدنوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم سے متعلق امور کاجائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی ٰمریم نواز نے سولر پینل فنانسنگ سکیم کو آسان تر بنانے کا حکم دیا۔
وزیراعلی نے سکیم کے اجرا کیلئے کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری انرجی نعیم روف نے چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت مختلف مقامات پر چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم کا ٹیسٹ رن شروع کر دیا گیا ہے۔ مختلف مقامات پر نصب سولر پینل سسٹم کی ریڈنگ اورکارکردگی کا مشاہدہ کیاجائے گا۔
سولر پی وی ایپ کے ذریعے سولر سسٹم کی آن لائن مانیٹرنگ جاری ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایاگیا کہ ٹیسٹ رن کی کامیابی کا جائزہ لے کر 14اگست سے سکیم لانچ کردی جائے گی۔ 8800 پر بل ریفرنس نمبر اورکمپوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر بھیج کر سکیم کے لئے اہلیت چیک کی جائے گی۔ پی آئی ٹی بی کی قرعہ اندازی کے بعد کامیاب صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیاجائے گا۔ ضلعی انتظامیہ اور ڈسکوز (ڈسٹری بیوشن کمپنی) قرعہ اندازی میں کامیاب صارف کے کوائف کی تصدیق کریں گے۔
سکیم کے پینل مارکیٹ میں فروخت ہونے سے بچانے کے لئے سولر پینل اور سسٹم پر بار کوڈ اور کیوآر کوڈ موجود ہوگا۔ پہلے فیز میں ایک لاکھ سے زائد صارفین کو قرعہ اندازی کے ذریعے سولرپینل دئیے جائیں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی چوری، ایک سے زائد میٹر، خراب یا ٹیمپرڈ میٹر اور بل ادائیگی نہ کرنے والے صارفین سولر سکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔ وزیر اعلی ٰنے کہا کہ آٹا او ر بجلی کے نرخ لوگو ں کی معاشی حالت کو بری طرح متاثر کرتے ہیں۔ عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو کچھ کرنا پڑا ضرور کریں گے۔
چاہتی ہو ں کہ پنجاب کے ہر شہری کو بجلی کے بل میں ریلیف ملے۔ سولر پینل فنانسنگ سکیم کا دائرہ کار بتدریج بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق 625 ارب روپے کا سرپلس پیش کرکے لیڈ لی۔ قائد مسلم لیگ (ن)محمد نوازشریف نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کی او ربجلی کا نرخ بھی کنٹرول میں رکھا۔ انہوں نے کہا کہ2017 تک بجلی کے بل کم اور ڈالر کا نرخ نیچے تھا، 2018 سے نظر لگی او رغریب پس کر رہ گیا۔ میں پوچھتا ہوں اس ملک کے ساتھ ظلم کرنے کی ضرورت کیا ہے۔
ہم نے آئی ایم ایف کو واپس بھیج دیا تھا بعدمیں کون لایاتھا؟ سب کو پتہ ہے۔محمد نوازشریف نے کہا کہ ترقی کرتا ہوا ملک گڑھے میں گرا دیا۔ سینیٹر پرویز رشید، معاون خصوصی برائے وزیراعظم رانا ثنا اللہ خان،سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی راشد نصر اللہ، ایم این اے بلال اظہر کیانی، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریز اوردیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔