وزیر اعلی ٰپنجاب کی معاون خصوصی سلمی بٹ کا پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیڈ کوارٹر کا دورہ

114
تمام ماڈل و ریلیف بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی فراہمی اور قیمتوں کو مانیٹر کیا جارہا ہے، سلمی بٹ

لاہور۔28دسمبر (اے پی پی):پنجاب کے باسیوں کے لیے معیاری خوراک کا عزم لیے حکومت پنجاب فوڈ اتھارٹی کے شانہ بشانہ ہے ،اس سلسلہ میں سپیشل اسسٹنٹ ٹو وزیر اعلیٰ پنجاب سلمی بٹ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ،ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے سال 2025 کے ٹارگٹس اور نئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سکول نیوٹریشن، فوڈ سیفٹی، پبلک ہیلتھ، فوڈ سیفٹی ٹریننگ، گھی آئل یونٹ کا قیام، میٹ سیفٹی یونٹ، سلاٹر ہاوس، دودھ کی تیاری اور ترسیل، ایٹ سیف کیمپین، خوراک کے ضیاع میں کمی، حلال فوڈ، ماحول دوست اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ایٹ سیف کیمپین کے تحت 13ہزار 884 ڈھابے، گلی محلوں میں چھوٹے فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی۔1621 فوڈ پوائنٹس کو 1کروڑ 52لاکھ 27ہزار کے جرمانے عائد کر کے 38 فوڈ پوائنٹس کو بند کیا گیا جبکہ 1200لٹر کولڈ ڈرنکس، 2000 لٹر سے زائد آئل، 195 کلو ایکسپائر اشیا اور 700کلو مختلف اجزا تلف کی گئیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا سکول نیوٹریشن پروگرام کے پہلے مرحلے میں 25 سرکاری سکولوں کے 38 ہزار بچوں پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔

سکول نیوٹریشن پروگرام میں بچوں اور اساتذہ کو غذائیت سے بھرپور خوراک کی اہمیت، ناقص خوراک کے چنا وسے پرہیز کی ٹریننگ دی جارہی ہے، بچوں کے ویٹ ،ہائیٹ ،باڈی ماس انڈیکس جیسے ٹیسٹ مفت کیے جائے گے۔سکول نیوٹریشن پروگرام میں والدین اور اساتذہ کو ہیلدی لنچ باکس کی تفصیلی آگاہی اور تراکیب دی جائیں گی ۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا مذبح خانوں کی ری ماڈلنگ کے لیے بین الاقوامی طرز ڈیزائن اور قوانین پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، لائیو سٹاک، ایڈیشنل ڈی جی آپریشنز اور ٹینکنیکل کمیٹی ممبران ہوں گے۔ بین الاقوامی سٹینڈرز کے مطابق جانور ذبح ہونے سے فروخت تک تمام مراحل کی نگرانی کی جائے گی ۔

علاوہ ازیں حلال ڈویلپمنٹ میں ابتک 37اضلاع میں 360 فوڈ سیفٹی آفسران کو حلال فوڈ پر ٹریننگ دی جاچکی ہے اور اب تک 4لاکھ فوڈ ہینڈلرز کی ٹریننگ کروائی جا چکی ہے، آنلائن ٹریننگ نظام لارہے ہیں۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا میٹ سیفٹی یونٹ کے قیام سے ابتک 64ہزار 370 میٹ شاپس، گوداموں کی چیکنگ کے دوران 206مقدمات درج کروا کے 181 کو بند کیا گیا۔ میٹ سیفٹی ٹاسک فورس نے 1کروڑ 45لاکھ کلو سے زائد گوشت کی چیکنگ کے دوران 4لاکھ 27ہزار کلو سے زائد تلف کیا اور دودھ کی چیکنگ میں اضافہ کر کے 37کروڑ 22لاکھ لٹر سے زائد دودھ کی چیکنگ کی گئی۔ دودھ تلفی شرح میں ریکارڈ کمی آئی اور 18لاکھ 44ہزار لٹر سے زائد دودھ تلف کیا گیا۔

اس موقع پر سکول نیوٹریشن پروگرام اپنی نوعیت کا ایک منفرد پروگرام ہے۔ بچوں کی اچھی صحت کے لیے وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق سکول نیوٹریشن پروگرام صوبہ بھر میں متعارف کروایا جائے گا۔محترمہ سلمی بٹ نے کہاکہ خوراک کے معیار میں بہتری کے لیے حکومت پنجاب فوڈاتھارٹی تمام وسائل فراہم کرے گی۔

آئل گھی کی چیکنگ اور بہتری کے لیے الگ سے یونٹ کا قیام شاندار اقدام ہے پنجاب فوڈاتھارٹی کا خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے بلا تعطل ہفتے میں سات دن کام کرنا قابل فخر ہے۔ عاصم جاوید کی قیادت میں اتھارٹی نے ریکارڈ منصوبے شروع کیے جو کہ عوام کی فلاح کے لیے ہیں۔