چنیوٹ۔ 28 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر چنیوٹ میں دریائے چناب کے کنارے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت و پاپولیشن و انچارج فلڈ کنٹرول فیصل آباد ڈویژن خواجہ عمران نذیر اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے چنیوٹ کا دورہ کیا۔اس موقع پر کمشنر مریم خان، ریجنل پولیس آفیسر ذیشان اصغر، ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد بھی ہمراہ تھے۔ وفد نے ٹی ڈی سی پی، قاضیاں، چنیوٹ بند اور دیگر مقامات پر دریائی پٹی اور حفاظتی بندوں کا معائنہ کیا۔صوبائی وزراء نے دریائی علاقوں سے شہریوں کے تیز رفتار انخلاء پر ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور موقع پر موجود افراد سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں سیلابی خطرات سے آگاہ کیا۔
انہوں نےکہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ڈی سی آفس میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع چنیوٹ کے 87 دیہات سیلابی ریلے سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 33 ہزار کے قریب افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ آبادی کے لیے 12 فلڈ ریلیف کیمپس مکمل طور پر فعال ہیں اورموجودہ سیلابی ریلا تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبائی کابینہ کے تمام اراکین فیلڈ میں موجود ہیں اور متاثرین کی امداد کے لیے وزیراعلیٰ جلد خصوصی اعلان بھی کریں گی۔صوبائی وزراء نے کہا کہ میڈیا نمائندگان کی مثبت رپورٹنگ لائق تحسین ہے جبکہ ریسکیو 1122 کا عملہ جانفشانی سے خدمات انجام دے رہا ہے، مشترکہ کاوشوں سے سیلابی صورتحال پر قابو پایا جائے گا