
لاہور۔15اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیراریز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ثقافت،سیاحت،تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقا ت میں تجارتی اور ثقافتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں کے حوالے سے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔اطالوی سفیرنے جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کے لئے پاکستان کی سپورٹ جاری رکھے گا۔
وزیراعلی نے جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کے حوالے سے اٹلی کی سپورٹ پر اطالوی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور اٹلی بہترین دوست ملک ہیں،وقت آ گیا ہے اس دوستی کو سود مند معاشی تعلقات میں تبدیل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ثقافت اور تجارت کے شعبے ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔پنجاب حکومت اٹلی کے ساتھ ان شعبوں میں مزید اشتراک کار بڑھانا چاہتی ہے۔ پولیس لائزن آفیسرز کی تربیت کے لئے اٹلی کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ تجارت بڑھانے کے لئے ورک ویزا میں آسانی اور ٹریڈ کمیشن کا فعال کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ون ونڈو آپریشن شروع کررہے ہیں۔اطالوی سرمایہ کار پنجاب آئیں، ہر ممکن سہولت دیں گے۔اطالوی سفیر نے وزیراعلی محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باہمی تجارت بڑھانے کے لئے ٹریڈ کمیشن نے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ورک ویزا میں آسانی لانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ثقافت،سیاحت اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔