وزیر اعلی پنجاب سے سفیر اٹلی کی ملاقات ،سیاحت،ٹیکسٹائل ودیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت

99
Chief Minister of Punjab
Chief Minister of Punjab

لاہور۔2نومبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نوازسے ہفتہ کے روز یہاں اٹلی کی سفیرماریلنا ارمیلن نے ملاقات کی،دونوں ممالک کے درمیان سیاحت،ٹیکسٹائل،لیدر،ماربل،کارپٹس ودیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ اورتجارتی و ثقافتی وفود کے تبادلوں پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر پنجاب میں لائیو سٹاک وڈیر ی پراجیکٹ میں اٹالین انویسٹمنٹ پر اتفاق اور چکوال میں زیتون کی کاشت مزید بڑھا نے کی پیش کش کی گئی۔دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے باہمی ربط کو سود مند معاشی تعلقات میں تبدیل کیا جائے،

اطالوی سرمایہ کار پنجاب آئیں انہیں ہر ممکن سہولت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اٹلی کے ساتھ مختلف شعبوں میں مزید اشتراک کار بڑھانا چاہتی ہے، ثقافت،سیاحت اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا،تجارت بڑھانے کیلئے ورک ویزا میں آسانی اور ٹریڈ کمیشن کا فعال کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

اطالوی سفیر نے کہا کہ باہمی تجارت بڑھانے کے لئے ٹریڈ کمیشن نے کام کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ورک ویزا میں آسانی لانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خاص طور پر لاہور آنا بہت اچھا لگا،منفی امیج کے جھوٹے پروپیگنڈے کے بالکل برعکس پاکستان شاندارملک ہے۔اطالوی سفیر نے لاہوریوں کی زندہ دلی و میزبانی کو سراہا اور پنجاب میں عوامی فلاحی پراجیکٹس کو متاثر کن قراردیا۔