سرگودھا۔ 16 جنوری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعلی پنجاب سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر(ر) بابر علائو الدین سرگودھا کے دورے پہنچے اور کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم سے الگ الگ ملاقات کی ۔ انہوں نے وزیر اعلی پنجاب کے عوامی بہبود کے اقدامات بارے مختلف محکموں کی جانب سے پیش رفت بارے آگاہی لی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کے کانفرنس روم میں وفاقی و صوبائی محکموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
اس موقع پر خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف عوامی خدمت کے کیے کوشاں ہیں،سرکاری افسران عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں،موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ ضلعی افسران عوامی خدمت کواپناشعار بنائیں اورعوام کو آسانی فراہم کرتے ہوئے قانون کی آگاہی مہیا کریں۔بریگیڈیر ریٹائرڈ بابر علاؤالدین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نےصوبےکےفلاح کےلیےریکارڈسازترقیاتی کام کیے،ان میں ہمت کارڈ،اپنی چھت اپناگھر،ستھراپنجاب،کسان کارڈ سولر پینلز کی فراہمی،لائیو سٹاک کارڈ،گرین ٹریکٹر سکیم اوردیگرفلاحی منصوبےشامل ہیں۔
انہوں نے ضلع سرگودھا میں جاری ترقیاتی سکیموں کا بھی جائزہ لیا اورہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور ان کو بروقت مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہر شعبہ میں ریفارمز ہورہی ہیں،پنجاب میں گڈ گورننس کا بہترین ماڈل نظر آرہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سرگودھا میں سٹیٹ آف دی آرٹ گورنمنٹ نواز شریف کارڈیالوجی ہسپتال بن رہا ہے،حکومت کا وژن ہے کہ تین سالوں میں ہر ضلعی ہیڈکوارٹر پر کارڈیالوجی یونٹس قائم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کل کے سوشل میڈیا کے دور میں فیک نیوز ملکی سلامتی کیلئے انتہائی خطرناک ہیں،افسران فیک نیوز کی فوری تردید کریں۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے انتظامی اداروں بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔بعدازاں بابر علائو الدین نے موسم بہار کی شجرکاری مہم کے سلسلہ میں ڈی سی دفتر کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، ڈی جی پی ایچ اے محمد ارشد، اے ڈی سی آر فہد محمود اور جنگلات کے افسران بھی موجود تھے۔