لاہور۔25جنوری (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب میں انقلابی اقدامات کر رہی ہیں ، دوسرے صوبوں کے لوگ بھی مریم نواز کے کاموں کے معترف ہیں، تمام مستحق خاندانوں کو”نگہبان رمضان پیکج”کے تحت ریلیف فراہم کیا جائے گا ، فیک نیوز کے تدارک کے لئے سب کو ایک موقف پر آ نا ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ڈی جی پی آ ر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔
عظمی بخاری نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے پوری محنت اور لگن سے کام کر رہی ہیں ،دوسرے صوبوں کے لوگ بھی مریم نواز کے کاموں کے معترف ہیں ،وہاں کے طلبہ بھی کہہ رہے ہیں کہ پنجاب کی طرح ہمیں بھی سکالر شپس ،لیپ ٹاپس اور سکوٹیز چاہیں لیکن خیبر پختونواہ کا وزیر اعلی پیسہ صوبے کی عوام پر خرچ کرنے کے بجائے جلسے ،جلوسوں اور احتجاجوں پر خرچ کر رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے صوبے میں زراعت کو ترقی دینے کیلئے کسان کارڈ کے ذریعے کسان دوست پالیسیوں کا اجرا کیا ہے ،کسان کارڈ سے پنجاب کے کاشتکاروں نے 50 فیصد یوریا استعمال کی اور 50 ارب سے زائد کی زرعی مصنوعات خریدیں،پنجاب میں گندم کی بوائی کی سیٹیلائٹ کے ذریعے نگرانی کی جائے گی اور سیٹیلائٹ کی تصاویر کا گندم کی فصل پک کر تیار ہونے پر تصاویر کا موازنہ کیا جائے گا ۔عظمی بخاری نے کہا کہ ہر سال کی طرح رواں سال بھی تمام مستحق خاندانوں کو” نگہبان رمضان پیکج”کے تحت ریلیف فراہم کیا جائے گا جس کے ذریعے لاکھوں خاندان مستفید ہوں گے ،اس حوالے سے رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے ، مستحق خاندان 15فروری تک اپنی رجسٹریشن مکمل کروا لیں ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ہونہار سکالر شپ کے بعد طلبا و طالبات کو ایک لاکھ سکوٹیز مہیا کی جائیں گی اور بہت جلد میرٹ پر جدید لیپ ٹاپ بھی دیئے جائیں گے،ایک طرف نفرت اور انتشار کی سیاست جبکہ دوسری طرف خدمت کی سیاست ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آ ئی کو 190ملین پائونڈ کی کرپشن پر سزا ہو ئی ،جب بانی پی ٹی آ ئی کو سزا ہو ئی تو خیبر پختونواہ سے کوئی بھی باہر نہیں نکلا، اس سے ثابت ہوا کہ بانی پی ٹی آ ئی کے مقبول ہونے کے دعوے عوام نے رد کر دیئے ،عوام پی ٹی آ ئی والوں کے مکروہ چہرے پہچان چکے ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں عظمی بخاری نے کہا کہ ”نگہبان رمضان پیکج”کے تحت مستحق افراد کو سامان ان کے گھروں کی دہلیز پر مہیا کیا جائے گا ،لوگوںکا لائنوں میں لگنا وزیر اعلی مریم نواز کو پسند نہیں ۔ پی ٹی آ ئی کے ایک بار پھر احتجاج کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال کو خراب کرنے کیلئے تحریک فساد تمام حربے آزما چکی ہے ، ہر بار کی طرح اس بار بھی وہ ناکام ہو گی اور اسے منہ کی کھانا پڑے گی ۔
ملک ریاض کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس نے غلط کام کیا ہے اس کو اس کا جواب دینا پڑے گا۔ پیکا ایکٹ کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیک نیوز کے تدارک کیلئے سب کو ایک موقف پر آ نا ہو گا ،صحافیوں اور صحافتی تنظیموں کو خود احتسابی کا عمل شروع کرنا ہوگا۔