وزیر اعلی پنجاب کا ناکامی اورناقص کارکردگی پر انڈسٹریل سیٹس کے سربراہ اور بورڈز تبدیل کرنے کا حکم

86

لاہور۔27مئی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نوازنے پنجاب میں انڈسٹری کے فروغ کے اہداف کے حصول میں ناکامی پر برہمی کااظہار کیا، اہداف پورا کرنے میں ناکامی اورناقص کارکردگی پر انڈسٹریل سیٹس کے سربراہ اور بورڈز تبدیل کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت سپیشل اکنامک زونز کے امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں سپیشل اکنامک زون میں دستیاب کاروباری سہولیات کا جائزہ لیاگیا۔انہوں نے کہاکہ انڈسٹریل سٹیس کے سربراہ اور ٹیم کا پرفارمنس آڈٹ کرایا جائے گا، انڈسٹری کو سہولیات دے کر ماضی کی کوتاہیوں کا ازالہ کریں گے۔انڈسٹریل سٹیٹ کو انہی مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے،جن کے لئے قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انڈسٹریل اسٹیٹ کو پلگ اینڈ پلے ماڈل پر قائم کرنا چاہتے ہیں۔

انڈسٹری کے قیام کے طریقہ کار کو آسان اور تیز ترین بنا یا جائے گا۔ سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل، سیکرٹری انڈسٹری احسان بھٹہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔