لاہور۔17جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان کے دیہی مرکز صحت پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں دو بچوں،دو خواتین ہیلتھ ورکرز ،چوکیدار اور جوابی کارروائی میں دہشتگردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں نائب صوبیدار محمد فاروق اور سپاہی محمد جاوید اقبال کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
بدھ کو جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ معصوم بچوں اور خواتین پر حملہ کرنیوالے بزدل دہشتگرد عناصر کی پشت پناہی کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔انہوں نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی ا ور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔